مشرف فرار کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ کا آئی جی کیخلاف ایک ہفتہ میں کارروائی کا حکم
اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف فرارکیس میں وزارت داخلہ سے آئی جی کےخلاف کارروائی سے متعلق رپورٹ 6 مئی کو طلب کرلی ‘عدالت کا ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کے پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت صدیقی نے آئی جی اسلام آباد بنیامین کےخلاف سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے عدالت سے فرار ہونے کیخلاف کارروائی کے معاملے پرسماعت کی، عدالت نے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کے پیش نہ ہونے پرناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان کوفوری پیش ہونے کا حکم دیا، اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آئی جی اسلام آباد کے خلاف انکوائری کے لیے 3 سینئر بیوروکریٹس پر مشتمل پینل بنا دیا گیا ہے جن میں قمرزمان چوہدری ، شاہد رشید اور شاہد اللہ بیگ شامل ہیں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ نئے آئی جی اسلام آباد کے لیے بھی تین نام بھجوائے گئے ہیں، اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ بھی عدالت میں پیش ہوگئے جس کے بعد عدالت نے وزارت داخلہ کو بنیامین کے خلاف کارروائی سے متعلق رپورٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔