شدید موسمی حالات میں سوست ڈرائی پورٹ پر تجارتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری

Mar 01, 2025

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)درہ خنجراب کو سال بھر تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھلا رکھنے کے لئے نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی)سخت ترین موسمی حالات میں بھی سرحد پار تجارت کو یقینی بنا رہا ہے۔  شدید برف باری اور انتہائی کم درجہ حرارت کی وجہ سے درپیش مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے این ایل سی نے پہلے ہی سے سوست ڈرائی پورٹ پر تما م انتظامات مکمل کر لئے ہیں جن کی بدولت تجارتی سرگرمیاں زورو شور سے جاری ہیں۔این ایل سی نے تمام محکموں بشمول کسٹمز حکام، کلیئرنگ ایجنٹس اور تاجروں کے لیے ہیٹنگ سسٹم کی تنصیب اور دیگر سہولیات کا انتظام کر رکھا ہے جو گاڑیوں اور کنٹینروں کی بروقت کلیئرنس میں مددگار ثابت ہو رہاہے۔ این ایل سی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدام حکومتی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ اس اہم گزرگاہ کے ذریعے سال بھر تجارت ممکن ہو سکے۔ سوست ڈرائی پورٹ کا بہترین انفراسٹرکچر دو طرفہ اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔  تجارت کے لئے سازگار ماحول کو یقینی بنانے سے دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ واقع ہوا ہے۔ درہ خنجراب کے سال بھر کھلا رہنے سے خطے کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔محکمہ کسٹم کے اعدادو شمار کے مطابق محصولات کی مد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سردیوں میں خنجراب پاس بند ہونے سے پاک چین تجارت سے وابستہ افراد روزگار سے محروم  ہوجاتے تھے۔ اس سال گلگت  بلتستان میں باالعموم اور سوست میں باالخصوص تجارتی سرگرمیاں سردیوں میں بھی اپنے عروج پر ہیں جس سے تاجر برادری اور علاقے کے عوام  بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

مزیدخبریں