صوبائی وزیر سماجی بہبود کی پولیس کو کوٹ رادھا کشن زیادتی کیس کے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت
صوبائی وزیر سماجی بہبود سید یاور عباس بخاری اور چئیرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی فاطمہ چدھڑ نے کوٹ رادھا کشن کا دورہ کر کے زیادتی کا شکار مسیحی لڑکی اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ہر قسم کی دادرسی کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کے حوالے سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یقینی دہانی کرائی کہ زیادتی کا شکار بچی کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ کیس میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔ فاطمہ چدھڑ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو ریلیف پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے اور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے۔ ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ بعدازاں یاور عباس بخاری اور فاطمہ چدھڑ کوٹ تھانہ رادھا کشن تھانہ بھی گئے۔ انہوں نے پولیس کو جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری کے لئے ہدایات جاری کیں۔ پولیس افسروں نے صوبائی وزیر کو کیس میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔