پاکستان تحریک انصاف کا اولین مقصد آئینی اداروں کی خود مختاری یقینی بنانا ہے:فیاض الحسن چوہان

وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سینیٹ انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا اولین مقصد آئینی اداروں کی خود مختاری یقینی بنانا ہے کیونکہ آئینی اداروں کی مضبوطی ہی جمہوری عمل کی پائیداری کی بنیاد ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ ماضی کے برعکس آئندہ انتخابات میں شفافیت کی ضمانت دے گا۔ کرپٹ حکمرانوں نے ہمیشہ سینیٹ انتخابات میں پیسے کے استعمال کو فروغ دیا۔ ماضی کی حکومتوں کی ادارہ جاتی ریفارمز سے غفلت سے ہی آج سینیٹ الیکشن مشکوک ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انصاف اور شفافیت کے نعرے سے عوامی مینڈیٹ حاصل کیا۔ الیکشن کمیشن مضبوط ہو گا تو آئندہ اقتدار کی منتقلی غیر متنازعہ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر بار کی طرح اس بار بھی سپریم کورٹ کے احکامات پر ان کی روح کے مطابق عمل کرے گی۔