فرانس کے دارالحکومت میں سرپرائز ڈے جوش و جذبہ سے منایا گیا

بھارتی طیارے گرائے جانے کے 2برس مکمل ہونے پر پیرس میں پاکستانی کمیونٹی نے ’’سرپرائز ڈے‘‘ منایا۔
تقریب کی میزبانی خواجہ عبدالحمید ، ان کے بیٹے خواجہ ماجد نے کی۔ مہمانوں کا استقبال خواجہ ماجد اور سینئر کشمیری راہنما مرزا ساجد جرال نے کیا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے ہیروز کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دشمنوں کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ پاک فضائیہ نے اپنے سے تین گنا بڑے اور طاقت کے نشے میں بدمست دشمن کے دانت کھٹے کئے۔ اور پوری دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف بری آنکھ سے دیکھنے والے کو مزہ چکھا دیا جائے گا۔ پاک فوج نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ ہم جارح نہیں ہیں ہم امن پسند قوم ہیں ، لیکن جارحیت کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینا بخوبی جانتے ہیں۔
مقررین نے کہاہے کہ 27 فروری 2019ء پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے ۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرات کی نئی تاریخ رقم کی۔ 2جنگی طیارے تباہ کر کے بزدل دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔
پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارت کے دو جنگی طیاروں کو گرا کر مودی سرکار کو منہ توڑجواب دیا۔
پاک وطن کے بہادر سپوتوں نے 27 فروری 2019ء کو بھارت کو رسوائی اورشرمندگی کاعبرتناک سبق دیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے بھارتی فضائیہ کے جہاز گرا کر پورے بھارت میں صف ماتم بچھا دی.جنگی طیارے تباہ کرکے پاکستان نے دشمن کو سرپرائز دیا۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اندھیرے میں بھارتی دراندازی کے برعکس دن کی روشنی میں دشمن کے دانت کھٹے کئے ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فضائیہ کے پائلٹوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ارض پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کرنیوالے پاکستان ائیر فورس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج کی صلاحیت ، بہادری، جرأت اور شجاعت پر ناز ہے۔
تقریب میں تحریک انصاف فرانس ممبر یورپ احتساب و ڈسپلن کمیٹی چوہدری گلزار لنگڑیال ، سابق جنرل سیکریٹری چوہدری اعجاز جٹ ، سابق ایڈیشنل جنرل سیکریٹری چوہدری ماجد چیمہ ، حاجی ابرار اعوان ، سابق آدر سپورٹس ونگ چوہدری رخسار خان ، انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم کے صدر مرزا مشتاق جرال ، متحرک سینئر راہنما مرزا ساجد جرال ، جنرل سیکریٹری عمران چوہدری ، مرزا قاسم جرال و دیگر نے شرکت کی .
اس موقع پر کیک کاٹے گئے اور پاکستان ، پاک فوج ، سرپرائز ڈے زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ پاکستان کی ترقی اور سربلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ میزبان خواجہ عبدالحمید ، خواجہ ماجد نے تمام مہمانوں کی آمد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔