حکومت ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل بھی حل کرے
مکرمی!حکومت کو سیاستدانوں کا بہت خیال ہے کہ وہ کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں سرکاری ملازمین کا بھی خیال ہے۔ حکومت کو ان سب کا خیال ہے جو دھرنا دیتے ہیں، ہڑتالیں کرتے ہیں ، جو مہنگائی پیدا کرنے کے موجد ہیں۔ یہ سارے کام ریٹائرڈ ملازم نہیں کرتے۔ اس لئے حکومت ان کو نظرانداز کرنے میں کامیابی سمجھتی ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین کو جو پنشن ملتی ہے وہ اس کی اپنی ہی ملازمت کے دوران تنخواہ سے کٹوتی کی رقم دی جاتی ہے۔ ریٹائرڈ ملازم ریٹائرمنٹ کے بعد بے زبان ہوجاتا ہے وہ اس بات پر خوش ہوجاتا ہے کہ ایک سال انتظار کرنے کے بعد اس کی 5 فیصد سے 10 فیصد پنشن بڑھ جاتی تھی۔ پچھلے دو سال سے یہ بھی نہیں ہوا جبکہ مہنگائی روز افزوں ترقی پر ہے۔ گورنمنٹ ملازمت کے دوران تنخواہ سے گروپ انشورنس کی بھی کٹوتی کی جاتی ہے۔ یہ رقم اسے ریٹائرمنٹ پر مل جانی چاہئے۔ لیکن اس بارے میں بھی حکومت خاموش ہے۔ حکومت ریٹائرڈ ملازمین کو یہ رقوم کی واپسی کرنے کی طرف دھیان دے اور ان کے مسائل حل کرے۔(عبدالواسع، ایگریکس ٹائون لاہور)