پی آئی اے کے کرایوں میں کمی
موسم بہار ’’پیکج‘‘ دیتے ہوئے پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) نے اندرون ملک کرایوں میں کمی کردی، کراچی سے اسلام آباد اور کراچی سے لاہور کیلئے 20 کلو سامان لے جانے کی رعایت کے ساتھ ساتھ یکطرفہ کرایہ ساڑھے سات ہزار روپے ہوگا۔ سیاحت کے فروغ کیلئے پی آئی اے کا اقدام مستحسن ہے، ایسا اقدام یقیناً نہ صرف پی آئی اے کا ریونیو بڑھانے میں ممدومعاون ہوگا بلکہ قومی ایئر لائنز کے وقار کی بحالی کا سبب بھی بنے گا، قومی ایئر لائنز پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا ’’بے مثال لوگ، لاجواب سروس‘‘ کے سلوگن کے تحت پھر نئی اٹھان ہوگی کیونکہ ادارے خوشحال ہوں گے تو قومی خزانہ بھی بھرا رہے گا، ملک میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ لہٰذا دوسرے ادارے بھی پی آئی اے کی تقلید کریں۔ ریلوے اور دیگر سرکاری ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی خاطر خواہ کمی کی جائے تاکہ عوام اس سے مستفید ہوسکیں۔ سیاحت فروغ پائے اور عوام کو سفر کی سہولت سستی میسر ہو۔