جنگ مسئلہ کا حل نہیں‘ یورپی یونین کشیدگی ختم کرائے: علی رضا سید
برسلز(این این آئی)کشمیرکونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں اور اس سے تباہی اور بربادی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ انہوں نے یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ کشیدگی ختم کرائے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میں کشمیرکونسل ای یو کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن اور پاکستان کی سرزمین پر جارحیت کے بعد خطے کی فضاء مزید کشیدہ ہوگئی۔ بھارت کافی عرصے سے مذاکرات سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے اور اسی وجہ سے یہ سنگین حالات پیدا ہوئے ہیں۔ نریندر مودی اپنے انتخابی مقاصد کیلئے خطے کے امن کو دائو پر لگا رہے ہیں۔ بھارتی جنگی جنون کے خلاف اور امن کے حق میں مظاہرے کو حتمی شکل بھی دی گئی۔ جنگ سے نفرت اور امن سے محبت کرنے والے تمام لوگوں سے مظاہرے میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔