مظفر آباد: پاکستان بھارت کشیدگی‘ سینکڑوں افراد محفوظ مقام پر منتقل
مظفر آباد (صباح نیوز)پاکستان بھارت کشیدگی کے باعث آزاد جموں و کشمیر پر کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر رہائشی پذیر سینکڑوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔گذشتہ روز پاکستان کی جانب سے بھارت کے دو جنگی جہاز مار گرائے گئے تھے جب کہ اس سے قبل اور بعد میں بھی لائن آف کنٹرول پر شدید جھڑپیں جاری رہیں۔مظفر آباد میں وزیر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر احمد رضا قادری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر ہندوستانی جارحیت کی وجہ سے صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور جن علاقوں کے رہائشی بھارتی فوج کی زد میں ہیں انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جہلم ویلی سے 61 گھرانے منتقل کیے جا چکے ہیں جب کہ کچھ خاندان اپنے رشتے داروں کے گھر منتقل ہو گئے ہیں۔ کوٹلی میں 12خاندان منتقل ہوئے ہیں جبکہ جہلم ویلی سے 196 سویلین کیمپوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔