امریکی شہری طلحہ ہارون حوالگی کیس، عدالت عالیہ نے تفصیلات طلب کرلیں
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستانی نثراد امریکی شہری طلحہ ہارون کو امریکہ کے حوالے کرنے کی اجازت دینے کے خلاف مقدمے کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے سے ملزم کے ریکوری میمو کی تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ طلحہ ہارون کے والد کی امریکہ کو حوالگی سے روکنے کی درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ دوران سماعت فاضل جسٹس نے استفسار کیا کہ امریکی حکومت نے پاکستان کو کیا لکھا ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اس وقت کے امریکی سیکرٹری خارجہ جان کیری نے ایک خط کے ذریعے طلحہ ہارون کی حوالگی کامطالبہ کیا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا طلحہ ہارون کے خلاف امریکہ میں کوئی کیس رجسٹرڈ ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ کیس تو رجسٹرڈ ہے لیکن طلحہ ہارون کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔ عدالت کے استفسار پر ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم کے موبائل اور لیپ ٹاپ کا فرانزک نہیں کرایا گیا ، ملزم کے ریڈ وارنٹ تھے۔ اس پر فاضل جسٹس نے ایف آئی سے ملزم کے ریکوری میمو کی تمام تفصیلات طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے طلحہ ہارون پر الزام عائد کیا گیا کہ ملزم نیو یارک حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ہے۔