پنجاب اسمبلی: ارکان کا پاک فوج کو خراج تحسین، وزیر جیل کی نامکمل تیاری پر ڈپٹی سپیکر نا خوش
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر وزیر جیل خانہ جات کی نامکمل تیاری سے ناخوش نظر آئے اور مکمل تیاری کے ساتھ ایوان میں آنے کی ہدایت کی، اپوزیشن ارکان نے زوار حسین کے ساتھ محکمے کی تیاری پر بھی سوال اٹھا دیے، عظمیٰ بخاری نے ڈپٹی سپیکر سے کہا آپ وزیر موصوف کو ریسکیو کررہے ہیں، اپوزیشن نے جیلوں کے کھانے فورڈ اتھارٹی سے چیکنگ کا مطالبہ کردیا، عنیزہ فاطمہ نے کہا خواتین کی جیلوں میں لیڈی اہلکاروں کی تعداد مردوں کے برابر کی جائے۔ ن لیگ کے رکن سمیع اللہ خان نے ضمنی سوال کرتے ہوئے کہا جب سے نئی حکومت آئی انہوں نے کسی جیل میں ایڈز سمیت کوئی میڈیکل کیمپ نہیں لگایا، ن لیگ کے دور میں 38کیمپ اور تین کیمپ نگران حکومت میں لگے۔ جیلوں میں قید تمام قیدیوں کو کوئی بیماری نہیں اس کے جواب میں وزیر جیل نے کہا ہر سال مارچ کے مہینے میں کیمپ لگتے ہیں کل سے جیلوں میں مسلسل کیمپ لگا کرینگے، ایک جواب میں وزیر جیل نے کہا پنجاب کے جیلوں میں اس وقت 49ہزار 5سو 48قیدی ہین جن میں سے 38ہزار کے بلڈ ٹیسٹ ہو چکے ہیں، لیگی رکن الیاس انصاری نے کہا جیلوں میں قید خواتین کے ساتھ ان کے بچوں کو بھی سزا دی جا رہی ہے۔ آئیں اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا ہے اس حوالے سے حکومت کیا کررہی ہے، اس کے جواب میں وزیر جیل خاموش رہے اور ڈپٹی سپیکر نے اگلا سوال شروع کردیا۔ عظمیٰ بخاری نے پنجاب کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہیں قیدیوں کے اضافے کے ساتھ حکومت کو نئی جیلیں بھی بننی چاہئیں۔ سینٹرل جیل فیصل کی دیوار کو گرے دو ماہ ہو چکے ہیں اور ابھی تک جیل کی دیوار نہیں بن سکی اب نیا پاکستان بننے میں پتہ نہیں کتنا وقت درکار ہے، لیگی خاتون رکن عنیزہ فاطمہ نے کہا خواتین کی جیلوں میں مردوں کے برابر لیڈی پولیس اہلکاروں کی تعداد کی جائے خواتین کی جیلوں میں اتنی بڑی تعداد میں مرد اہلکاروں کو تعینات کرنا غلط ہے، بعد ازراں تحریک انصاف کے رکن سردار اویس دریشک نے انڈس ہائی وے کشمور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک دوہری سڑک تعمیر کرنے کے قرارداد رولز کو معطلی کرکے پیش کی جس کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا، قبل ازریں صوبائی وزیر انرجی اختر علی نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا پنجاب اسمبلی کا ایوان افواج پاکستان کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتا ہے پاک فضائیہ نے بھارتی طیارے گرائے اس پر ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، لیگی رکن وارث کلو نے کہا میاں نواز شریف کے ایٹمی دھماکوں کی وجہ سے آج پاکستان کا دفاع مضبوط ہوا ہے، اس کا کریڈٹ ذوالفقار علی بھٹو اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو بھی جاتا ہے جہنوں نے پاکستانی کو ایٹم بم دیا، اس پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے طلبہ کے فری میڈیکل ٹیسٹ لازمی قرار دینے کے مطالبے کی قرارداد اسمبلی میں جمع کرا دی۔ عظمیٰ زاہد بخاری نے پی ایس ایل کی ٹکٹیں بلیک میں فروخت ہونے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔