کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات کئے: اسد عمر
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں کاروبار کی آسانی کیلئے اقدامات کئے ہیں، ٹیکس نظام میں بہتری سمیت مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مختلف سہولیات و مراعات دی جا رہی ہیں۔ سنگاپور کے کاروباری وفد سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سنگاپور کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں اس کے تاجروں کی جانب سے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے، اس سلسلہ میں انہیں تمام ممکنہ تعاون و سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وفد کے سربراہ اور مڈل ایسٹ بزنس گروپ کے چیئرمین شمشیر زمان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سہولیات اور اس حوالہ سے موجود عزم و خواہش کے پیش نظر سنگاپور کے تاجروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔