پارکنگ کمپنی کرپشن کیس، میاں نعمان اور دیگر پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
لاہور(اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت میں لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس میں ملوث مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق رکن پنجاب اسمبلی حافظ میاں نعمان سمیت تینوں ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، عدالت نے تینوں ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کر دی۔ لیگی رہنما حافظ نعمان، عثمان قیوم اور تاثیر احمد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت میں ڈیوٹی جج کے روبرو پیش کیا گیا۔ دوران سماعت ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزموں پر فرد جرم عائد کرنے کا حکم دے دیا۔