ادارہ فروغ قومی زبان نے نفاذ اردو کی تیاری مکمل کر لی ہے، فتح محمد ملک
اسلام آباد(نیوزڈیسک)ادارہ فروغ قومی زبان کے زیر اہتمام قومی زبان اردو کے حوالے سے ایک اہم سیمینار’’عصر حاضر کے تقاضے اور قومی زبا ن کا نفاذ‘‘ ادارے کے ہال میں منعقد ہو ا۔تقریب کی صدارت ممتاز محقق، دانشور اور نقاد پروفیسر فتح محمد ملک نے کی ۔اظہار خیال کرنے والوں میںافتخار عارف، ڈاکٹر احسان اکبر ڈاکٹر نثار ترابی، ڈاکٹر نجیبہ عارف، ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد، ڈاکٹر فرحت جبین ورک ،کوکب خواجہ اور فاطمہ قمر تھے۔تقریب کی نظامت محبوب ظفر نے کی۔ پروفیسر فتح محمد ملک نے کہا کہ ہمارے ہاں نعرہ تو ہمیشہ سے یکساں نظام تعلیم کا لگایا جا رہا ہے مگر در حقیقت یہ طبقاتی نظام تعلیم و تدریس ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ فروغ قومی زبان نے نفاذ اردو کی ساری تیاری مکمل کر لی ہے اب اس پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ افتخار عارف نے کہا کہ پاکستان کی جتنی بھی عمومی نوعیت کی آئینی دستاویزات نافذ کی گئیں ان سب میں اردو کو قومی زبان کے طور پر درجہ دیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اس کی افرادی قوت کے بہتر سے بہتر تعلیم و تربیت سے وابستہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ جدید تقاضوں کے تحت انگریزی زبان پر دسترس ضرور حاصل کی جائے مگر ہمیں قومی زبان کو کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔افتخار عارف نے کہا کہ حکومت نے نفاذ اردو کے سلسلے میں پانچ رکنی نئی وزارتی کمیٹی مقرر کر دی ہے ۔