پی ایس ایل: پولارڈز نے ملتان سلطانز سے فتح چھین لی‘ قلندرز کو کنگز کے ہاتھوں شکست
دبئی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ اور عمر امین کی نصف سنچریوں کی بدولت ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔شعیب ملک کے ناقابلِ شکست 28 اور ڈینیئل کرسچن کے 18 رنز کی بدولت ملتان سلطانز 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ہدف کے تعاقب میں آندرے فلیچر اور امام الحق نے 34 رنز کا آغاز تو فراہم کیا تاہم 24 رنز بنانے کے بعد فلیچر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کامران اکمل ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور 35 کے مجموعے پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد کیرون پولارڈ نے عمر امین کے ساتھ ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔کیرون پولارڈ ایک مرتبہ پھر ملتان سلطانز کی جیت کے آڑے آتے ہوئے جنید خان کو 17ویں جبکہ ڈینیئل کرسچن کو 18 ویں اوور میں بالترتیب ایک اور 3 چھکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دے دیا۔کراچی کنگز کے افتخار احمد نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عمر خان، محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، لیونگ اسٹون نے 38 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔لاہور قلندرز کے سندیپ لمی چانے نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ڈیوڈ ویسا، یاسر شاہ اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دے دیا، افتخار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ 5 رنز پر گری جب گوہر علی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان 18 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔حارث سہیل 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اے بی ڈیولیرز 33 رنز بنا کر محمد عامر کا نشانہ بنے، کورے اینڈرسن 22 رنز پر عمر خان کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔سہیل اختر نے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ڈیوڈ ویسا نے 3 رنز بنائے۔