ڈپٹی کمشنر انسداد پولیو اور ڈینگی مہم کی نگرانی کریں: چیف سیکرٹری
لاہور ( سپیشل رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھرنے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں انسداد پولیواور ڈینگی مہم کی خود نگرانی کریں اور صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہیں، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ ہدایت انہوں نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میںڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی ۔ اجلاس میں گندم خریداری مہم، پولیو اورڈینگی کے خاتمے کیلئے اقدامات، پاکستان سیٹیزن پورٹل ،کلین اینڈ گرین پاکستان مہم اوردیگر انتظامی امور زیر غورآئے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ملک سے پولیو اور ڈینگی کے مکمل خاتمہ کے لئے مشترکہ اور مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حکم دیا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری ہدایات پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایاجائے اور ویکٹر سرویلنس اور دیگر سرگرمیوں کو بھرپور طریقے سے جاری رکھا جائے۔انہوں نے سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کو ہدایت کی کہ گذشتہ برس کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈینگی سے نمٹنے کیلئے بہتر حکمت عملی اختیار کی جائے اور جن اضلاع میں ڈینگی کا خطرہ ہے وہاں سرویلنس اور انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں کلین اینڈ گرین پاکستان کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے اور اضلاع میں صفائی کو بہتر بنانے اور موسم بہار کی شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔