بھارتی پائلٹ کی واپسی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا:حافظ نعیم
کراچی (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت نے حملہ کیا تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی اورقوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے گی ، امریکہ کے کہنے پر مذاکرات کرنے یا بھارتی پائلٹ کو واپس کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوسکے گا کیونکہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے ، بھارت کشمیر کبھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دے گا ،ایسا نہ ہو کہ میدانوں میں جیتی ہوئی جنگ ہم ایوانوں میں ہار جائیں، جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے لیس ہوکر ہی کشمیر آزاد کرایا جاسکتا ہے ، افواج پاکستان کا موٹو بھی ایمان ، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ ہے ،سافٹ امیج کے نام پر اسے دور نہیں کیا جاسکتا ، شہر بھر میں رضاکاروں کی رجسٹریشن کے لیے کیمپ لگائے جارہے ہیں ، وطن عزیز کی حفاظت کے لیے سب کومل کر جدوجہد کرنی ہوگی ،اگر ضرورت پڑی تو کراچی کے نوجوان حسن محمود صدیقی کی طرح اگلے مورچوں پر لڑنے کے لیے بھی تیار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو ایم اے جناح روڈ پر جماعت اسلامی کے تحت ’’تحفظ پاکستان ریلی ‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی سے نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں جیل چورنگی سے ریلی کا آغاز ہوا اور حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ریلی کے شرکاء نے پیدل مارچ کیا۔