لفٹ کہیں بھی خراب ہو جائے، سفر کرنیوالے بہت سفر کرتے ہیں۔ سیڑھیاں استعمال کرنیوالوں کی بری حالت ہو جاتی ہے۔ کسی بلڈنگ میں ایک سے زیادہ ہوں تو دوسری لفٹ بھی لفٹ کے نخرے اور مزاج بھی دیکھنے لائق ہوتے ہیں۔ گزشتہ کئی روز سے ایسی ہی صورتحال دبئی سٹیڈیم میں بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔ میڈیا، کارپوریٹ باکسز سمیت دیگر باکسز میں آنیوالوں کو ایک لفٹ اپنی مرضی سے ہی لفٹ کرواتی ہے۔ لفٹ خراب ہونے کی وجہ سے میچ دیکھنے کے لیے آنے والوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے رکن محمد نعمان بٹ کو بھی اپنی فیملی کے ہمراہ لفٹ کی خرابی کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔گذشتہ روز لفٹ کی خرابی کی وجہ سے مہمان پریشان پھرتے رہے، فیملیز کو خاصی دیر ادھر ادھر گھمایا جاتا رہا لیکن لفٹ نے لفٹ کروانے سے انکار کر دیا۔ دوسرے میچ کے لیے کراچی کنگز کے کھلاڑی اور دیگر مہمان میڈیا سنٹر سے گذر کر منزل مقصود تک پہنچے۔ گھنٹوں کی محنت کے بعد لفٹ ٹھیک ہوئی اور آنے جانے والوں نے سکھ کا سانس لیا۔ اگر یہی لفٹ قذافی سٹیڈیم یا نیشنل سٹیڈیم میں خراب ہوتی تو خاصا زور ہوتا، معزز مہمان بھی اعتراض اٹھاتے لیکن دبئی سٹیڈیم والے اس لحاظ سے خوش قسمت رہے ہیں۔
شب جمعہ کی وجہ سے سٹیڈیم میں شائقین کی تعداد معمول سے زیادہ تھی۔ پہلے میچ میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے مابین کھیلا جانیوالا میچ زلمی نے جیت لیا۔عمر امین اور کیرن پولارڈ کی بیٹنگ سے شائقین محظوظ ہوئے، عمر امین اچھی فارم میں دکھائی دیے، کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر امین نے کہا کہ کیرئیر میں مختلف نمبروں پر کھیلنے کی وجہ سے مسائل کا سامنا رہا ہے۔ محدود ون ڈے کیرئیر میں سی ایک سے سات نمبر تک ہر نمبر پر بیٹنگ کی ہے ایسی صورتحال میں سیٹ ہونا مشکل ہوتا ہے۔ میں ٹاپ آرڈر بلے باز ہوں اور اوپر کھیل کر ہی بہتر محسوس کرتا ہوں۔ ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں مجھے لمبا کھیلنے کا کردار دیا گیا تھا وہ نبھایا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ بہت سپورٹ کر رہی ہے۔
سلطانز کے حیدر اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے لیکن فتح حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہے۔ پاکستان سپر لیگ دوسرے میچ کے لیے قلندرز اور کنگز کے سپورٹرز کی اچھی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی۔ یہاں قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا سے بھی ملاقات ہوئی، وہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ گراؤنڈ میں آئے۔ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین شائقین کے ساتھ سیلفیاں بنواتے نظر آئے، انکا "سائیں" اپنے سپورٹرز کی حوصلہ افزائی کرتا رہتا ہے لیکن مسلسل ناکامیاں برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے۔ علی ترین کا کہنا تھا کہ ناکام تو ہو رہے ہیں لیکن ہمارے میچز بہت دلچسپ ہوئے ہیں۔ کھلاڑی پوری کوشش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا اصل رنگ تو اس وقت سامنے آئے گا جب ایونٹ کے میچز مکمل طور پر پاکستان اور ہوم اور آوے کی بنیاد پر ہونگے۔ پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونیوالے میچز کے اہم فیصلے کی وجہ خاصی ہلچل تھی۔ میڈیا باکس میں بھی اس حوالے سے بات چیت ہوتی رہی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ایونٹ کے آٹھ میچز پاکستان میں کروانے کا اعلان کر کے شائقین کو سب سے بڑی خوشخبری دی۔ موجودہ حالات میں پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونیوالے آٹھ میچوں کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ دعا ہے کہ اس دوران ماضی کی طرح امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔پاکستان میں کھیل کے میدان مکمل طور پر آباد ہوں اور سیٹیاں بجتی رہیں، سٹیج سجتے رہیں اور نعرے لگتے رہیں پاکستان زندہ باد!!!!!
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38