انٹراپارٹی الیکشن‘آفاق احمد چیئرمین عارف اعظم سیکریٹری جنرل منتخب
کراچی(نیوزرپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کی الیکشن کمیٹی کی جانب سے انتخابی نتائج کا اعلان کردیا گیا، آفاق احمد چیئرمین اور عارف اعظم سیکریٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ 23دسمبر 2018ء کو مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی جانب سے مرکزی کمیٹی سمیت تمام شعبہ جات تحلیل اور قبل از وقت نئے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے اعلان کے بعد نامزد چیئرمین الیکشن کمیٹی ارشد اقبال نے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ تین مرحلوں میں تکمیل تک پہنچنے والے انٹرا پارٹی انتخابات کا آخری مرحلہ بدھ 27فروی 2019ء کو مکمل کرلیا گیا۔ آخری مرحلے میں جنرل کونسل کے اراکین نے رائے شماری کے ذریعے 7رکنی مرکزی کمیٹی اور 10رکنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا منتخب کیا۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی ارشد اقبال کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آفاق احمد (چیئرمین)‘ محمد شاہد (وائس چیئرمین)‘ ندیم احمد (وائس چیئرمین)‘ عارف اعظم (سیکریٹری جنرل)‘ ڈاکٹر نگہت فاطمہ (جوائنٹ سیکریٹری)‘ محمد تنویر قریشی (سیکریٹری مالیات)‘ خالد حمید (سیکریٹری اطلاعات)کامیاب قرار پائے۔ الیکشن کمیٹی کی جانب سے 10رکنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع کی ضلعی کمیٹیوں کی کامیابی کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔