مودی نے خطہ کا امن داؤ پر لگادیا، بھارت کو بے نقاب کرنا ہوگا، اعتزاز
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ کے سنیئر ایڈووکیٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنما ء اعتزاز احسن نے وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے پیغام کو دنیا بھر میں پہنچانا ضروری ہے،مودی نے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا ہے، بھارتی جنگی جنونیت اور پاکستان کی امن پسندی کے پیغام کو بھارتی ووٹرز تک پہنچانا ہوگا،بھارت کا الیکشن پاکستان جنوبی ایشیا اور دنیا بھر کیلئے اہم ہے، ہمیں بھارت کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنا ہوگا،بھارتی طیارے گرانا اور پائلٹ کی گرفتاری ہماری دوسری بڑی کامیابی ہے،پاکستان کو پاک بھارت کشیدگی میں سلور بلٹ کی ضرورت ہے،ہمیںسلور بلٹ کے طور پر اپنی کامیابی کی ڈاکومنٹری بنا کر دنیا بھر میں پھیلانی چاہیے،ڈاکومنٹری میں بھارتی میڈیا کی جنونیت اور مودی کے جھوٹ شامل کیے جائیں،ڈاکومنٹری میں پائلٹ کا انٹرویو اور وزیراعظم کا پیغام بھی شامل کیا جائے۔بھارت کو اچھی طرح معلوم ہوگیا ہوگا کہ پاک فوج کی کیا صلاحیت ہے۔