پاک فوج کے ہوتے پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا:مصطفی کمال
کراچی (نیوزرپورٹر) افواج پاکستان کو بہترین حکمت عملی سے پاکستان کے دشمنوں کو جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاک فوج کے شانہ بشانہ ملک کی خاطر لڑنے کے لیے بھی تیار ہیں لیکن جنگ مسائل کا حل نہیں، بھارت کو بھی منہ کی کھانے کے بعد اس بات کا ادراک ہو گیا ہے کہ وہ پاک فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کو ذرہ برابر بھی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ اس لیے دونوں ممالک کو تمام تر توجہ بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے اور خطے میں دہشتگردی پر قابو پانے پر مبذول کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے مرکزی شعبہ جات کے زمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 3 مارچ 2016 کو کامیابیوں پر یوم تشکر منائیں گے۔ ہم نے آکر راء کے خلاف علم جہاد بلند کردیا تھا اور اندرونی محاذ پر آج تک ہم بھارت سے لڑ رہے ہیں، ہمارے پاس ایک بھی نشست نہیں لیکن پھر بھی ہمارے کارکنان کو شہید کیا جا رہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم اور ہمارا نظریہ کامیاب ہو گیا ہے اور راء کراچی میں بھی ہار چکی ہے۔ لیکن ہم نے اس منفی سوچ کا خاتمہ کیا جس کے ذریعے نوجوانوں کو بھٹکا کر غلط راہ پر گامزن کیا جا رہا تھا۔