بھارتی جارحیت پر پاک فوج، عمران خان نے بہترین پالیسی اپنائی: جاوید ہاشمی
ملتان (اسپیشل رپورٹر) سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ ہماری افواج پاکستان، حکومت اور عمران خان نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین پالیسی اپنائی۔ ’’پاک افواج کی کامیابی پر قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے،، اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قربانی کے لئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں مخدوم جاوید ہاشمی نے اظہار یکجہتی کے لئے پر یس کلب سے نکالی گئی ریلی کی قیادت کی جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما، تاجروں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور مسلح افواج کے حق میں شدید نعرہ بازی کی۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے لئے دعائیں کر رہی ہے اللہ ہماری فوج کو ہر منزل پر کامیابی عطاء فرمائے۔ جس ہمت اور اتحاد کے ساتھ ہماری افواج نے جواب دیا اس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔ پاک فضائیہ اور ان کے شیر دل پائلٹوں نے پوری دنیا پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ حسن صدیقی پوری قوم کا ہیرو ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایٹمی قوت ہیں اس کا کریڈیٹ بھٹو، ڈاکٹرعبدالقدیر خان، ضیاء الحق اور نواز شریف کو جاتا ہے۔