سعودی عرب اور یو اے ای کی پروازیں عارضی بحال، سمجھوتہ ایکسپریس معطل
کراچی+ اسلام آباد(آن لائن+ سٹاف رپورٹر) ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود عارضی طور پر کھول دی گئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق سعودی عرب اور یو اے ای کے لیے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ترجیحی بنیادوں پر سعودی عرب اور یو اے ای کی پروازیں بحال کی گئی ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سول ایوی ایشن حکام نے کہا پاکستان کی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی، پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے ملکی و غیر ملکی تمام ائیر لائنز کا آپریشن معطل رہے گا۔ واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی اور گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے بھارت کے جہاز مار گرائے جانے کے بعد ملک بھر میں فلائٹ آپرشن معطل کر دیا گیا تھا۔ سول ایوی ایشن کے سربراہ نے بھارت جانے والی تمام پروازوں کو تاحکم ثانی بند رکھنے کی ہدایت کی جبکہ پاکستان کے پانچ شہروں میں بھی متحدہ عرب امارات کی کوئی پرواز آئندہ چند دنوں تک لینڈ نہیں کرے گی۔ دریں اثناء این این آئی کے مطابق بھارت کشیدگی کے باعث فلائٹ آپریشن معطلی کی وجہ سے اٹارنی جنرل انور منصور خان دوحہ میں پھنس گئے۔ وہ کلبھوشن یادیو کیس کی کارروائی کے سلسلے میں ہیگ گئے تھے، گزشتہ روز برسلز سے براستہ دوحہ پاکستان واپس آ رہے تھے۔اسلام آباد سے سٹاف رپورٹر کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان چلنے والی ٹرین سروس ’’سمجھوتہ ایکسپریس‘‘ کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ جمعرات کے روز دفتر خارجہ کے ایک مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ جوں ہی یہ صورتحال بہتر ہو گی تب سمجھوتہ ایکسپریس بھی بحال کر دی جائے گی۔ سمجھوتہ ایکسپریس کو جمعرات کی صبح 8 بجے بھارت کے لیے روانہ ہونا تھا۔ فلائٹ آپریشن معطل ہونے اور سمجھوتہ ایکسپریس بند ہونے کی وجہ سے 44پاکستانی بھارت میں پھنس گئے انہیں واہگہ اٹاری کے ذریعے پاکستان بھیجا جائے گا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق تھائی لینڈ میں سیاحت کی غرض سے گئے کم وبیش 5ہزار افراد پاکستان میں فضائی حدود بند ہونے کے باعث وہاں پھنس گئے، تھائی ائیر ویز کی درجنوں فلائٹس منسوخ ہوگئیں۔ دوسری جانب کراچی سے بھارت جانے والی تھر ایکسپریس بھی تا حکم ثانی معطل کر دی گئی ہے۔ شیڈول کے مطابق تھر ایکسپریس جمہ کو کراچی سے بھارت روانہ ہونا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے بھارت جانے والی دوستی بس سروس معمول کے مطابق روانہ ہو چکی ہے۔علاوہ ازیں سعودی حکومت نے پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے پر پاکستانی عمرہ زائرین کے لئے سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی سفارتخانے کے مطابق سعودی حکومت پروازیں بحال ہونے تک عمرہ زائرین کی میزبانی کریگی، سعودی حکومت ائیر لائنز کے ساتھ رابطے میں ہے، فضائی حدود بحال ہونے پر بکنگ کی جاسکے گی، تمام عمرہ زائرین کو مکہ مکرمہ کے ہوٹلز میں ٹھہرایا جا رہا ہے، مدینہ سے سفر کرنے والے زائرین کو مدینہ کے ہوٹلز میں رکھا جا رہا ہے۔