جنگ نہیں امن چاہیے، عمران کے الفاظ قابل تعریف ہیں، مودی مذاکرات کریں: بھارتی سول سوسائٹی
نئی دہلی (نیٹ نیوز) انتخابات جیتنے کیلئے بھارتی حکومت کی جنگ پالیسی پر بھارتی تجزیہ کاروں‘ صحافیوں اور سابق فوجیوں پر مشتمل سول سوسائٹی نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ ٹوئٹر پر ’’سے نوٹو وار‘‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ جنگ نہیں امن چاہئے۔ بھارت میں ٹوئٹر پر ’’سے نوٹو وار‘‘ (جنگ کو انکار کرو) ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ ’’بی جے پی پلاٹ فار ووٹ‘‘ (بی جے پی کا الیکشن ڈرامہ) بھی ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے۔ بھارتی تجزیہ کاروں اور صحافیوں نے مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ بھارتی تجزیہ کار رونک کپور کا کہنا تھا پاکستان یا بھارت میں کوئی شہری جنگ نہیں چاہتا۔ مذاکرات کو ترجیح دینی چاہئے۔ عمران خان کے الفاظ سراہے جانے کے قابل ہیں۔ اشوک سوین نامی ایک بلاگر کا کہنا تھا مودی کی اپنی بدعنوانیوں سے توجہ ہٹانے کی چال بھارت کو بہت مہنگی پڑی۔ جنوبی ایشیا میں کسی بھی جنگ کا ذمہ دار صرف مودی ہوگا۔ ایک بھارتی شہری نے بی جے پی فار انڈیا کے بیش ٹیگ کے ساتھ لکھا ’’شیم آن یو فار یور ڈرٹی پولٹیکس‘‘ (مودی تمہیںاپنی گھٹیا سیاست پر شرم آنی چاہئے۔) بی جے پی پلاٹ فارووٹ کے بیش ٹیک کے ساتھ ایک شہری کا کہنا تھا کہ دہلی میں ایک پاگل شخص گھوم رہا ہے جو انتخابات جیتنے کیلئے کچھ بھی تباہ کر سکتا ہے۔