انکوائری کا حکم واپس‘ سپریم کور نے کڈنی‘ لیور انسٹیٹیوٹ کی ایڈہاک کمیٹی ختم کر دی
لاہور(وقائع نگار خصوصی)سپریم کورٹ نے پی کے ایل آئی کی ایڈہاک کمیٹی ختم کردی۔ عدالت نے حکومت پنجاب کوپی کے ایل آئی کو ایکٹ کے مطابق چلانے کی ہدائت کرتے ہوئے ازخود نوٹس نمٹا دیا۔ تین رکنی بنچ نے از خود کیس کی سماعت کی۔ قائم مقام ڈی جی اینٹی کرپشن اور سیکرٹری صحت پنجاب پیش ہوئے۔ عدالت نے پی کے ایل آئی کے سابق سربراہ ڈاکٹر سعید اختر کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے پی کے ایل آئی میں کرپشن کے معاملے پر ازخود نوٹس لیا تھا۔ سابق جج اقبال حمید الرحمن پر مشتمل چھ رکنی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دی تھی، جسے ہسپتال کے مالی اور انتظامی معاملات چلانے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت میں پی کے ایل آئی کے حوالے سے رپورٹ پیش کر دی گئی۔ فاضل عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ اینٹی کرپشن کس قانون کے تحت انکوائری کر رہا ہے۔ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے حکم دیا تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ چھوڑیں انکوائریوں کو، کسی انکوائری کی ضرورت نہیں۔پی کے ایل آئی کی انکوائری کا حکم بھی واپس لے رہے ہیں۔ہر ادارہ اپنی حدود میں رہ کر قانون کے مطابق کام کرے۔