سپریم کورٹ بار: پاک فوج، کشمیریوں سے یکجہتی، بھارتی جارحیت کیخلاف قرارداد منظور
لاہور(وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پاک فوج اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حق میں اوربھارتی جارحیت کے خلاف قرار داد منظور کر لی۔وکلاء عہدیداروں نے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، پاک فوج نے ثابت کردیااگر جنگ مسلط کی گئی تو اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ سپریم کورٹ بار کے وکلاء کا ہنگامی اجلاس بار کے سینئر نائب صدر ملک کرامت اعوان کی سربراہی میں ہوا، ملک کرامت اعوان نے کہاوکلاء قومی سالمیت کے معاملے پر پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں،پاک فوج نے جس طرح دشمن کے دانت کھٹے کئے اس پر پوری قوم کو فخر ہے، سابق صدر سپریم کورٹ بارحامد خان نے کہاجنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اگر جنگ مسلط کی گئی تو اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں، سینئر قانون دان میاں ظفر اقبال کلانوری، سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بارآفتاب باجوہ، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بارشفقت محمود چوہان اور دیگر وکلاء نے کہا کہ پاکستانی فوج نے جس طرح بھارت کو پیغام دیا ہے وہ قابل تحسین ہے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیریوں سے رشتہ ختم نہیں ہو سکتا،بھارت اپنے گھر کی لڑائی کو سرحدوں تک نہ لائے ورنہ پاکستانی فوج اسی طرح جواب دے گی۔پورے ملک کے وکلاء پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،بھارتی جارحیت کاموثر جواب دے کر پاک فوج نے قوم کے حوصلے بلند کر دئیے۔