بھارتی جارحیت پر پاک فوج، حکومت، عمران خان نے بہترین پالیسی اپنائی: جاوید ہاشمی
ملتان (سپیشل رپورٹر) سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ ہماری افواج پاکستان، حکومت اور عمران خان نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین پالیسی اپنائی۔ ’’پاک افواج کی کامیابی پر قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے،، اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قربانی کے لئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں مخدوم جاوید ہاشمی نے اظہار یکجہتی کے لئے پر یس کلب سے نکالی گئی ریلی کی قیادت کی جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما، تاجروں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور مسلح افواج کے حق میں شدید نعرہ بازی کی۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے لئے دعائیں کر رہی ہے اللہ ہماری فوج کو ہر منزل پر کامیابی عطاء فرمائے۔ جس ہمت اور اتحاد کے ساتھ ہماری افواج نے جواب دیا اس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔ پاک فضائیہ اور ان کے شیر دل پائلٹوں نے پوری دنیا پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ حسن صدیقی پوری قوم کا ہیرو ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایٹمی قوت ہیں اس کا کریڈیٹ بھٹو، ڈاکٹرعبدالقدیر خان، ضیاء الحق اور نواز شریف کو جاتا ہے۔ انڈیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ اگر انڈیا کچھ کرے گا تو ایک سیکنڈ میں اسے اڑا کر رکھ دیں گے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ہم نے قربانیاں دی ہیں اور ملک کے لئے قربانیاں دیتے رہیں گے۔ اگر ہمت کے ساتھ پاکستان کی قوم کھڑی ہو جائے تو کوئی ہمارا کچھ نہیں کر سکتا۔ پوری دنیا جانتی ہے امریکہ اور اسرائیل کو سب سے زیادہ جواب پاکستان سے ملے گا۔ پوری دنیا اچھی طرح سمجھ لے کہ پوری دنیا کا امن پاکستان کے ہاتھ میں ہے۔ اگر انڈیا اور پاکستان کی جنگ بڑھی اور دونوں ایٹمی طاقتوں نے ایٹمی ہتھیار چلانے دیئے تو صرف پاکستان اور بھارت تباہ نہیں ہونگے بلکہ پوری دنیا صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی۔ ہمارا تماشہ دیکھنے والے اپنا کردار ادا کریں۔ ہماری قوم اور مسلح افواج نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کردیا ہے۔ اب پوری دنیا کا امن ہمارے ہاتھ میں ہے۔ انڈیا سمجھ لے عالمی ادارے انڈیا کو سمجھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں اور تمام مکتبہ فکر نے قومی یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کرکے اپنی مسلح افواج کے حوصلے مزید بلند کر دیئے ہیں۔