وزیر صحت کا دورہ پمس، کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کا پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظرپاکستان انسٹیٹویٹ آف میڈیکل سائنسز کا دورہ کرتے ہوئے ایمرجنسی کی صورت میں بلڈ بنک میں خون کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے کی ہدایت کردی ۔ ہسپتال کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمود کیانی نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت کا بریفنگ دی گئی جس میں انہیں بتایا گیا کہ پمس میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس بلایا گیا اجلاس میں بتایا گیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پمز ہسپتال میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ وارڈز میں بیڈ کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت اور ایمرجنسی کی صورت میں بلڈ بنک میں خون کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پمس کی نئی ایمرجنسی بلڈنگ کو وارڈ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ ہسپتال کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے ۔