پاکستان سے امن کا پیغام لیکر بھارت واپس جائیں گے‘ سکھ برادری
سوات (نامہ نگار)بونیر کے دورے پر آئے ہندوستان سے سکھ برادری کے پانچ رکنی وفد نے اپنے مذہبی رہنما نرمل سنگھ(تمغہ پدھم شری انڈیا) کی زیرقیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بونیر شاہد احمد خان سے انکے دفتر ڈگرمیں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی بہترین حفاظت، تاریخی و ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کیلئے جامع اقدامات اور اہل بونیر کی مہمان نوازی کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے بتایاکہ وہ پاکستان کی طرف سے امن و یگانکت کا پیغام لیکر بھارت واپس جائیں گے اور پوری دنیا کو بھی بتائیں گے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بونیر شاہد احمد خان، پی ایس اواسرار محمد اور پی اے شفیع اللہ اور انکے دفتر کے عملہ کو تحائف بھی دئیے جبکہ ڈی پی او نے بھی ان سے تحائف اور محبت کے جذبات کا تبادلہ کیا۔ وفد کے سربراہ نے بتایا کہ پاکستان بننے کے بعدامرتسر سے گولڈن ٹیمپل کے وفد کایہ پہلا دورہ خیبرپختونخواہے۔ انہوں نے اپنے مذہبی مقامات کی زیارت کرنے کے علاوہ بونیر کے تمام علاقوں کی سیر کی اور لوگوں سے آزادانہ ملے انہیں بونیر میں نہایت محبت اورہرجگہ اپنائیت اورمہمان نوازی ملی یہاں کے لوگ امن پسند ہیں اورپورا علاقہ نہایت دلکش اور خوبصورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان سے امن کا پیغام لے کر واپس جا رہے ہیں۔