کینیڈا سے تعلق رکھنے والے پنجابی دانشوروں کے وفد کا پلاک کا دورہ
لاہور(کلچرل رپورٹر)کینیڈا سے تعلق رکھنے والے پنجابی زبان کے معروف ادیبوں، دانشوروں اور لکھاریوں کے وفد نے پنجاب انسٹیٹیوف آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پِلاک) کا دورہ کیا جن میں ہرجندر سنگھ داھاں، برج ایس داھاں، ہریندر کور داھاں، نریندر کور پرمار، ہرپریت سُکھا، رگبیر سنگھ سرگانہ، سنتوکھ سنگھ منہاس، کلدیپ کور منہاس، سادھو سنگھ بینو اور راھن سنگھ پرمار شامل تھے۔ معروف ادیب اور پنجابی سیوک اقبال قیصر کی ہمراہی میں وفد پِلاک پہنچا تو ڈی جی پِلاک نے گلدستے پیش کرکے استقبال کیا۔ وفد کو پِلاک کی طرف سے ظہرانہ دیا گیا۔ بعدازاں پِلاک کے مختلف شعبوں آرٹ گیلری، لائبریری، ایڈمن بلاک اور آڈیٹوریم کا دورہ کرایا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پِلاک ڈاکٹر صغریٰ صدف نے وفد کو پِلاک کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں انہوں نے ایف۔ ایم۔ 95 ’پنجاب رنگ‘ پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے لاہور یاترا کی بھرپور تعریف کی۔