سی پیک منصوبہ عالمی تجارت میں کلیدی کردار ادا کریگا : گورنر سندھ
کراچی (وقائع نگار ) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک چین دو فطری اتحادی ہیں ،جغرافیائی ،محل وقوع اور عالمی حالات کی تبدیلی نے دو ممالک کو مزید قریب کردیا ہے جس کی واضح مثال سی پیک ہے ،منصوبہ سے دوممالک سمیت خطہ میں تیز ترین ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز شروع ہوگا ، خطہ عالمی تجارتی منڈی ، معاشی واقتصادی سرگرمیوں کا مرکز اور عالمی تجارت میں کلیدی کردار ادا کرے گا، چین کے معروف گروپ کا صوبہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں بھرپو ر دلچسپی کا اظہار خوش آئند ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں چین کے معروف گروپ V-Flo اور اس کے پارٹنر Elionگروپ کے 7 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کی سربراہی V-Flo گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر Kingston Wen کررہے تھے ۔ وفد میں V-Flo گروپ کے جنرل منیجر Allen He ،Elion گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر Yan Xuesheng ،گروپ کے پاکستان میں پارٹنر محمد اسلم خٹک ، خواجہ غلام شعیب ،وسیم احمد اور امجد علی آصف شامل تھے ۔ ملاقات میں عالمی حالات ، دوطرفہ تعلقات ، تجارت ، سرمایہ کاری ، سی پیک ،سرمایہ کاروں کو حکومت کی فراہم کردہ سہولیات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کا معاشی حب کراچی سرمایہ کاری کے لئے پر کشش استعداد کا حامل شہر ہے جہاں پر سرمایہ کاری کے یقینی نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ، چینی سرمایہ کاری سے خطہ میں بے روزگار ی اور غربت کا خاتمہ یقینی ہے اس ضمن میں حکومت چین کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت بھی فراہم کرے گی ۔ گورنر محمد زبیر نے کہا کہ چین کی عالمی تنہائی ختم کرانے میں پاکستان نے بھرپور ساتھ دیا یہ وہ وقت تھا جب چین کے معاشی حالات مستحکم نہیں ہوئے تھے ، آج چین کو سپر پاورز کی صف میں کھڑا دیکھ کر پاکستانیوں کو بے حد خوشی ہوتی ہے ۔ ملاقات میں V-Flo گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ 16 برس قبل V-Flo گروپ نے عالمی سطح پر تجارتی سرمایہ کاری کا آغاز پاکستان سے کیا تھا آج گروپ 50 سے زائد ممالک میں سرمایہ کاری کررہا ہے ۔