پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار ،انڈیکس میں 244.49 پوائنٹس کا اضافہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل جاری ۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو بھی اتازچڑھائو کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس کی 43000 نفسیاتی حد بحال ہو گئی ۔سرمایہ کاری مالیت میں مزید 35 ارب55کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 4.46 فیصدزائد جبکہ51.05 فیصد حصص کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ حکومتی مالیاتی اداروں ، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی ، اسٹیل ، فوڈز کیمیکلز اور دیگر سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 43322 پوائنٹ کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا ۔ تاہم سیاسی افق پر چھائی بے یقینی کی کیفیت کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 244.49 پوائنٹس کے اضافے سے 43239.45 پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طور پر378 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے193 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں اضافہ،165کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں کمی جبکہ20کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں استحکام رہا۔