چارسدہ: مالکان نے کمیونٹی سکول کو تالے لگا دیئے‘ لڑکیاں کھیت میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) تحصیل تنگی چارسدہ کے علاقہ عسوگی کے کمیونٹی سکول کو مالک مکان نے تالے لگا دیئے۔ طالبات کھیت میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہوگئیں۔ کمیونٹی سکول کے مالک نے کرایہ نہ ملنے پر طالبات کو استانی سمیت نکال دیا۔ سکول میں 80سے زائد طالبات ہیں۔ استانی نے طالبات کی تعلیم جاری رکھنے کیلئے اپنے زیورات اور جانور تک بیچ دیئے۔ استانی نے اپنی مدد آپ کے تحت بچیوں کیلئے 10مرلے کا پلاٹ خریدلیا۔ پلاٹ پر سکول بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی امداد کی منتظر ہے۔ تعلیم حاصل کرنے والی بچیوں کے ساتھ ان کی مائیں سکیورٹی گارڈ کی ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں۔ دریں اثناء وزیرتعلیم خیبر پی کے نے بچیوں کو سکول سے نکال کر عمارت خالی کرانے کا نوٹس لے لیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے ایم ڈی ایلیمنٹری ایجوکیشن فائونڈیشن سے جواب طلب کرلیا۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ کمیونٹی سکول کے اخراجات استانی برداشت کر رہی تھی۔ تحقیقات کا حکم دیدیا گیا۔