سینیٹ انتخابات ،الیکشن کمیشن کا رینجرز تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ کو خط ارسال
اسلام آباد( خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے تین مارچ کو سینیٹ انتخابات کے روز قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اسمبلی ہالز کے باہر رینجرز اور ایف سی تعیناتی کے لئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ۔الیکشن کمیشن کی طرف سے وزارت داخلہ کو لکھے خط میں واضح کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 220کے تحت تمام اداروں کی انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا آئینی ذمہ داری ہے لہذا متعلقہ ڈی جیز کو آگاہ کیا جائے کہ پولنگ کے روز قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی سیکیورٹی کیلئے رینجرز اور ایف سی کو تعینات کی جائے ۔دریں اثناء الیکشن کمیشن میں سینٹ انتخابات کے انتظامات کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس ہوا ۔ جس میں تمام ریٹرننگ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران یہ بات خاص طور پر زیر بحث آئی کہ ووٹ کی راز داری کو بنانے کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات کی اشد ضرورت ہے اس ضمن میں مختلف تجاویز اور آراء کی روشنی میں متعدد فیصلے عمل میں لائے گئے ہیں ۔تمام ریٹرننگ افسران اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی بھی صورت کوئی بھی ووٹر اپنے ووٹ کے راز داری کو ظاہر کرے نہ ہی جاری کردہ بیلٹ پیپر کو پولنگ سٹیشن سے باہر لے جائے کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں اول ریٹرننگ آفیسر متعلقہ شخص کا بیلٹ پیپر منسوخ کر دے گا ،مزید براں الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام ریٹرننگ آفیسر کو بااختیار مجسٹریٹ کے اختیارات سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ، ریٹرننگ آفیسر اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ تمام ووٹرز ایک ہی راستے سے پولنگ سٹیشن میںداخل ہوں اور ضمن میں کوئی تخصیص یا عدم مساوات شامل نہ ہو۔الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ ہدایات بھی جاری کی گئیں کہ ووٹ کی راز داری کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی ہدایات جن میں سرفہرست موبائل فون کا پولنگ سٹیشن پر لے جانے کے حوالے سے پابندی شامل ہے سختی سے عملدرآمد کروایا جائے ۔