سوشل میڈیا پر ایک لڑکی کی تصویر چیف جسٹس سے منسوب کرنے پر پیمرا کو نوٹس جاری
اسلام آباد( محمدصلاح الدین خان )عدالت عظمیٰ نے ’’سپریم جوڈیشنل کونسل ‘‘ میں آنے والی شکایات ، ججز کے ضابطہ اخلاق کو زیر بحث لانے تبصرے کرنے اور سوشل میڈیا پرایک لڑکی کی تصاویر کو چیف جسٹس سے منسوب کرنے پرپیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے ، پیمرا کو ہدایت کی گئی ہے مستقبل میںایسے ایشوز کی روک تھام کے لیے کارروائی کرے، سوشل میڈیا و میڈیا کو ضابطہ اخلاق کے مطابق چلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کی ہدایت پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے پیمراکو جاری تحریری نوٹس کے ساتھ مختلف نجی چینلز پر چلنے والے پروگرام کے سکرپٹ بھی بھجوائے ہیں۔ واضح رہے چند روز قبل نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سپریم جوڈیشنل کونسل کی کارروائی جو ایک بند کمرہ میں ہوتی ہے کو موضع بحث لایا گیا ، ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے فیض آباد دھرنا کیس میں فورسز ودیگر آئینی اداروں کے خلاف ریمارکس پر کونسل میں دائر ریفرنس پر نوٹس پر تبصرے کیے گئے تھے، جبکہ سوشل میڈیا پر چلنے والی ایک لڑکی کی تصویر کو چیف جسٹس سے منسوب کرتے ہوئے چیف جسٹس کی بیٹی کہا جاتا رہا ہے ، پیمرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ معاملے پر پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو کارروائی کرنی چاہئے تھی جو نہیں کی گئی ۔پیمرا سے معاملے پر رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔