آبی بحران سنگین، تربیلا ڈیم بھی خالی ہونے کے قریب، پنجاب میں گندم کی پیداوار کو نقصان کا خدشہ
اسلام آباد (آئی این پی + آن لائن) ملک میں آبی بحران کی صورتحال سنگین ہو گئی‘ تربیلا ڈیم بھی خالی ہونے کے قریب پہنچ گیا‘ پنجاب میں گندم کی پیداوارپانی کی قلت کے باعث شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے‘ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 6 روز سے ڈیڈ لیول پر برقرارہے جبکہ ڈیمز اور بیراجوں میں پانی کی مجموعی آمد 44 ہزار کیوسک اوراخراج 61 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ڈیڈ لیول سے صرف 4 فٹ اوپر رہ گیاہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1390 فٹ ہوگئی ہے۔ ادھر منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 6 روز سے ڈیڈ لیول پر برقرار ہے۔ ڈیمز اور بیراجوں میں پانی کی مجموعی آمد 44 ہزار کیوسک اور اخراج 61 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ادھر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل میں سیکرٹری آبی وسائل نے انکشاف کیا ہے کہ اگر ڈیمز کی تعمیر کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم نہ کئے گئے تو ملک میں جاری منصوبے اگلے 100سالوں میں بھی مکمل نہیں ہوسکیں گے، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے ایشین ڈیویلپمنٹ اور ورلڈ بنک نے فنڈز فراہم کرنے سے معذوری کا اظہار کیا ہے ،نیلم جہلم منصوبے کے چار یونٹس مئی تک مکمل کر لئے جائیں گے تمام سیاسی جماعتیں ملک کو درپیش پانی کے بحران کے خاتمے کیلئے مشترکہ معاہدہ بنائیں ،27مارچ کو ملک کی پہلی واٹر پالیسی کا اعلان کیا جائے گا ،کمیٹی نے وزارت کے مالی سال 2018/19کیلئے 203آرب روپے سے زائد ترقیاتی بجٹ منظوری کی سفارش کر دی ۔کمیٹی کا اجلاس چیرمین چیرمین خالد حسین مگسی کی سربراہی میں وزارت کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔