قصور اراضی سکینڈل: عامر عقیق سمیت 14ملزموں کی ضمانت منسوخی کیلئے پنجاب حکومت کی اپیل ہائیکورٹ سے مسترد
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قصور اراضی سکینڈل کے مرکزی ملزم عامر عقیق اور تیرہ شریک ملزمان کی ضمانتوں کی منسوخی کے لئے حکومت پنجاب کی اپیل مسترد کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹرائل عدالت نے کسی قانونی جواز کے بغیر تیرہ سو پانچ کنال سرکاری اراضی جعل سازی سے اپنے نام کرنے والے ملزمان کو ضمانتوں پر رہا کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ عدالت مرکزی ملزم اور بیوروکریٹ عامر عقیق سمیت تیرہ شریک ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرے۔ ملزمان کے وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے عدالت کو بتایا کہ ٹرائل عدالت نے قانونی تقاضے پورے کر کے ملزمان کی ضمانتیں منظور کیں حکومتی اپیل قابل سماعت نہیں۔ٹرائل عدالت نے ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا آغاز کر دیا ہے اس مرحلے پر ملزمان کی ضمانتیں منسوخ نہیں کی جا سکتیں۔ جس پر عدالت نے حکومتی اپیل مسترد کر دی۔