اضافی فیس لینے والے نجی سکولوں کیخلاف کارروائی کی جائے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے والدین کی شکایات پر محکمہ تعلیم کو حکم دیا ہے کہ اضافی فیسیں وصول کرنے والے نجی سکولز کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے سکولوں میں مفت تعلیم کی فراہمی کیلئے دائر درخواست پر درخواستگزار وکیل کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ہوئے حکومت پنجاب اور والدین کے وکلاء کو 5 مارچ کو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔ درخواستگزار نے دلائل میں کہا کہ تعلیم کا حصول ناممکن ہوچکا ہے نجی اسکول کاروباری مراکز بن چکے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت مفت تعلیم کا حصول ہر شہری کا حق ہے۔ جبکہ حکومت نے نجی سکولوں کو لوٹ مار کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ سرکاری اسکولوں میں ناقص تعلیمی معیار اور کم تعداد کے باعث والدین اپنے بچوں کو نجی سکولوں میں داخل کروانے پر مجبور ہیں۔ بچوں کی والدہ نے عدالت کو بتایا کہ سکول انتظامیہ نے اضافی فیس وصولی کے نوٹس بھجوائے ہیں۔