ٹائون شپ عمر چوک میں ٹرانسپورٹ کی بندش
مکرمی! ٹائون شپ عمر چوک کے سینکڑوں شہریوں، تاجروں اور طلباء و طالبات نے عمر چوک کے روٹ پر تمام قسم کی سروس کی بندش پر شدید احتجاج کیا ہے اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے تمام بس سروسز فوری بحال کرنے کی پرزور اپیل کی ہے۔ عوام کو سستی ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر افسوس عمر چوک کے عوام سے بس سروس کی تمام سہولتیں چھین لی گئی ہیں۔ عمرک چوک ٹائون شپ سے B-28، سپیڈو بس اور 33 نمبر بس کی بندش سے یہاں کے عوام کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے خصوصاً طالبات کو سکول و کالج جانے کیلئے مہنگی ٹرانسپورٹ رکشے وغیرہ پر آنا جانا پڑ رہا ہے جس سے والدین پر زبردست مالی بوجھ بڑھ گیا ہے۔ عمر چوک ٹائون شپ سے آئے روز بس سروس بند کرنا معمول بن چکا ہے جو کہ یہاں کے عوام سے ظلم و زیادتی کے مترادف ہے۔ یہاں کے عوام کو نیلی پیلی بسوں اور میٹرو ٹرین کی ضرورت نہیں، سیکرٹری ٹرانسپورٹ صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ (محمد سرفراز خان چیئرمین انجمن تاجران عمر چوک ٹائون شپ)