ہاشم رضا زیدی نے واٹر بورڈ کو تباہی کے دہانے تک پہنچادیا:منوررضا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مزدور یونین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے صدر سید منور رضا نے کہا کہ واٹربورڈاہم ترین ٹیکنیکل ادارہ ہے واٹر بورڈ کے افسران ، چیف انجینئر اور ایم ڈی اپنے پیشہ ورانہ امور اور ادارے کے تمام ٹیکنیکل اور فنی معلومات سے واقف اور تجربہ کار ہوتے ہیں ایسے اہم ادارے کے لئے باہر سے آیا ہوا ایم ڈی کیسے اور کس صورت کارآمد ہوسکتا ہے ۔ اور وہ کیونکر اکیلے ان ٹیکنیکل ذمہ داروں کو ادا کرپائے گا ایسا کھیل کھیلنے والے ادارے اور عوام کے ساتھ سنگین اور تکلیف دے مذاق سے باز آجائیں کیونکہ باہر سے آیا نان ٹیکنیکل ایم ڈی سوائے رشوت و بے ایمانی اور پیسہ بٹورنے کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں کرسکتا اس کا ثبوت سابق ایم ڈی ہاشم رضا زیدی ہیں جو مبینہ طورپرکروڑ اور اربوں روپے کی رشوت اور غبن میں ملوث ہیں ۔ ان کے کالے کرتوتوں کے خلاف تحقیقات کی ضرورت ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ راشی افسر کے خلاف فوری تحقیقات کرائی جائے اور مقدمات قائم کیئے جائیں ۔ غبن اور لوٹے جانے والا پیسہ عوام کا ہے اور ان کو اس کا جواب دینا ہوگا ۔ سید منور رضا نے کہا کہ ادارے کو کئی طریقوں سے بھی لوٹا جارہا ہے بوگس کاموں کی فالیں بن رہی ہیں۔ پانی میں گھاس ہٹانے کے کام کے ایک ایک کروڑ روپے کی بوگس فائلیں بناکر سرکاری ادارے میں غبن کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاشم رضا کی ریٹائرمنٹ پر نان ٹیکنیکل ایم ڈی کو ملازمین برداشت نہیں کرینگے اس لئے شہری مفاد میں ایماندار ٹیکنیکل افسر تعینات کیاجائے۔