پاکستان اور اردن کے درمیان گہرے دوستانہ‘ برادرانہ تعلقات ہیں: صدر ممنون
اسلام آباد (صباح نیوز+ اے پی پی) صدرِ مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور اردن کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں جن کی وسعت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر ممنون حسین نے اردن کے سبکدوش ہونے والے سفیر نواف خلیفہ صریرا سے الوداعی ملاقات میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اردن کے شاہ حسین پاکستان میں انتہائی مقبول شخصیت تھے۔ شاہ عبد اللہ بھی انہی کے نقش قدم پہ چلتے ہوئے دونوں ممالک کی دوستی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اپنے تہذیبی ورثے کے ساتھ وابستگی برقرار رکھنے اور اسے پروان چڑھانے والی قومیں ہر اعتبار سے کامیاب رہیں۔