یوسیز کا فنڈ 2لاکھ سے بڑھا کر 6لاکھ ماہانہ کیا جائے: کے ایم سی کونسل کی قرارداد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سٹی کونسل کا اجلاس بدھ کی دوپہر میئر کراچی وسیم اختر کی صدارت میں منعقد ہوا اس موقع پر تین قراردادوں کو کثرت رائے سے منظور کیا گیاجن میں ایک قرارداد کے ذریعے سندھ
گورنمنٹ سے درخواست کی گئی کہ یوسیز کو دیئے جانے والے فنڈ کی رقم 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ ماہانہ کی جائے تاکہ یوسیز میں روزمرہ معمولات کے عوامی مسائل فوری حل کئے جاسکیں، دوسری قرارداد میں محکمہ چارجڈ پارکنگ کے ایم سی کے مختلف 27 مقامات پر چارجڈ پارکنگ فیس کی وصولی برائے سال 2018ء کے ٹھیکے کی منظوری جبکہ تیسری قرارداد میں بجٹ کے مد نمبر V-A1-5(i) میں مختص رقم برائے گرانٹ ان ایڈ سے مبلغ 10 لاکھ روپے Surrender کرکے مد نمبر V-E-5(viii) میں بذریعہ Re-appropriation منتقلی کی منظوری برائے خریداری کیمیکلز و ادویات تالاب و پیراکی ، سٹی اسپورٹس کمپلیکس ، بلدیہ عظمیٰ کراچی شامل تھیں، مذکورہ قراردادوں کو پیش کئے جانے کے موقع پر اجلاس میں بعض اراکین شور شرابہ کرتے رہے، بعدازاں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین اور حزب اختلاف کے بعض اراکین نے قراردادوں کی حمایت کی اور کثرت رائے سے ان کی منظوری دی،میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ موجودہ منتخب بلدیاتی نمائندے شہری مسائل کے حل کے لئے اپنی آخری حد تک کوششیں کر رہے ہیں اور مختلف محکموں کے معاملات میں بہتری لائی جا رہی ہے، قبل ازیں اجلاس میں ممبران نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی جبکہ سینئر صحافی عادل مراد کے انتقال پر ان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔