کوئٹہ: کیمپ میں خودکش حملہ‘ 4 ایف سی اہلکار شہید‘ 6 زخمی: ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ‘ 2 محافظ جاں بحق
کوئٹہ (آئی این پی+ آن لائن) سمنگلی روڈ پر نامعلوم افراد نے ڈی ایس پی حمیداللہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تاہم ڈی ایس پی حمیداللہ دستی محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو کوئٹہ میں سمنگلی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ڈی ایس پی حمیداللہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے میں ڈی ایس پی حمیداللہ دستی محفوظ رہے لیکن ان کے دونوں محافظ شدید زخمی ہوگئے۔ رضاکاروں نے دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ڈی ایس پی حمیداللہ دستی گھر سے دفتر جانے کے لیے نکلے تاہم جب ان کی گاڑی سمنگلی روڈ پر پہنچی تو وہاں پہلے سے گھات لگائے 2 حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ ڈی ایس پی حمیداللہ دستی ڈبل کیبن گاڑی کے اندر موجود ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے تاہم گاڑی کے پچھلے کھلے حصے میں ان کے چار پولیس گارڈز سوار تھے جن میں سے دو گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ بھی کی گئی تاہم دونوں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔شہید اہلکاروں کی شناخت ظاہر اور ایوب کے نام سے ہوئی۔ ڈی ایس پی حمیداللہ دستی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اہم نوعیت کے مقدمات پر کام کررہے ہیں اور اسی سلسلے میں آج عدالت بھی جانا تھا، جب کہ انہیں کالعدم تنظیموں کی جانب سے دھمکیاں بھی دی جارہی تھیں۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 10 روز سے کوئٹہ شہر میں دہشتگردی کا خطرہ تھا۔ اس حوالے سے سیکیورٹی الرٹ بھی جاری کیے گئے تھے اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔ حمیداللہ دستی ڈی ایس پی پراسیکیوٹنگ تعینات ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے پولیس جوانوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اعلیٰ پولیس حکام کو واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔ قدوس بزنجو نے فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔