کشن گنگا کیس‘ بین الاقوامی ماہرین پاکستان کے حق میں نہیں‘ خالد مگسی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) یہ کہنا درست نہیں ہو گا کہ پاکستان نے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر کو چیلنج کرنے یا اسے رکوانے کے لئے مناسب وقت پر اقدام نہیں کیا۔ حقیقت یہ ہے کہ بین الاقوامی ماہرین پاکستان کے میں نہیں۔ وہ ادارے جو مغربی ملکوں کے زیراثر ہیں ہمارے مخالفین کی طرف داری کر رہے ہیں۔ یہ بات قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے آبی ذخائر کے چیئرمین خالد حسین مگسی نے سٹینڈگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ’’نوائے وقت‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔ ڈاکٹر مگسی نے اس رائے کو مسترد کر دیا کہ اگر پاکستان بروقت اقدام کرتا تو کشن گنگا پراجیکٹ کو رکوا سکتا تھا۔ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان نے پور زور لگایا لیکن بھارت کے مؤقف کو پذیرائی ملی۔ ان سے پوچھا گیا کہ ملک کے اندر پانی کا بحران بڑھتا جا رہا ہے اس کو کس طرح حل کیا جا سکتا ہے تو انہوں نے کہا کہ چونکہ ہم نے ستر برس ضائع کر دیئے اور پانی کے نئے ذخائر یا ڈیم نہیں بنائے اس لئے پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ موسمی تبدیلیاں گلوبل وارمنگ ہی ہمارے مسائل کی شدت میں اضافہ کر رہی ہے۔ اندرونی طور پر پانی کی قلت پر توجہ دینا چاہئے اور اس ضمن میں ضروری فیصلے کرنا چاہئیں۔