نوازشریف‘ مریم نواز‘ کیپٹن صفدر کیخلاف ضمنی ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف،مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکیخلاف فلیگ شپ اور العزیزیہ کیس میں دائرضمنی ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی۔عدالت نے آج نیب کی جانب سے دائر 2ضمنی ریفرنسز کے آٹھ گواہوں کو طلب کررکھا ہے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر1کے جج محمد بشیر ریفرنس کی سماعت کریں گے ۔2ضمنی ریفرنسز کے آٹھ گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے اور میاں نواز شریف اور مریم نواز کے وکلاء گواہوں پر جرح کریں گے ۔گزشتہ سماعت میں استغاثہ کے غیر ملکی گواہ فرانزک ایکسپرٹ رابرٹ ریڈلے نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا ،سابق وزیراعظم کی معاون وکیل عائشہ حامد نے نیب کی جانب سے فلیگ شپ اور العزیزیہ کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے پر اعتراض کیاتھا ،عدالت نے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے نیب کی جانب سے دائر 2ضمنی ریفرنسز کے آٹھ گواہوں کو یکم مارچ کو طلب کر لیا تھا ،ان آٹھ گواہان میں العزیزضمنی ریفرنس میں عرفان،محمد علی رضا،سنیل اعجازاوراظہر اقبال جبکہ فیگ شپ ضمنی ریفرنس میں نوید الرحمان ،ذکی الدین،رائو عبدل اوررضوان خان کو طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئی ہیں۔