سری دیوی کی آخری رسومات ادا کردی گئیں، بالی ووڈ سٹارز سمیت ہزاروں افراد نے آخری دیدار کیا
ممبئی (نیٹ نیوز) ممبئی میں سری دیوی کی سرکاری سطح پر منعقد کی گئی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔ لیجنڈری اداکارہ کی میت کو گزشتہ روز صبح ساڑھے 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک لوکھنڈوالا کے سپورٹس کلب میں رکھا گیا جہاں ہزاروں مداحوں نے سری دیوی کا آخری دیدار کیا۔ سری دیوی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بڑی تعداد میں فلمی ستارے بھی ان کے گھر کے قریب واقع سپورٹس کلب میں تعزیتی اجتماع میں شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ان کے جسد خاکی کو خصوصی طور پر سجائے گئے ایک ٹرک میں 7 کلو میٹر فاصلے پر واقع شمشان گھاٹ پہنچایا گیا جہاں ان کی چیتا کو اگنی کے سپرد کر دیا گیا۔ سری دیوی کی آخری رسومات سرکاری سطح پر ادا کی گئیں۔ راستے میں سڑک کے دونوں جانب اداکارہ کے مداحوں کی قطاریں لگی رہیں جنہوں نے ان کی تصاویر اٹھائی ہوئی تھیں۔ واضح رہے کہ سری دیوی 24 اور 25 فروری کی درمیانی شب دبئی کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے واقع ہوئی، تاہم بعدازاں دبئی کے پبلک پراسیکیوشن نے موت کی وجہ حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے کو قرار دیا تھا۔ سری دیوی کی میت گزشتہ رات بھارتی صنعت کار مکیش امبانی کے نجی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی پہنچائی گئی۔