شام میں کیمیائی حملے مسلمانوں کی نسل کشی کے مترادف ہیں، ثروت اعجاز
کراچی ( نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستا ن سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ شام میں بچوں ،عورتوں اور بوڑھوں کا قتل عام دہشتگردی کی بدترین مثال ہے ،شام میں بھڑکتی آگ کوبجھایا نہ گیا تو عالمی امن خواب بن کر رہ جائے گا ،انبیاء واولیاء کرام کی سرزمین شام مسلمانوں کے خون سے لہو لہو ہے شام میں بچوں عورتوں اور بوڑھوں کا بے دردی سے خون بہایا جارہا ہے ،شام میں امریکہ اور روس کی مداخلت دنیا میں اسلحے ترسیل کو فروغ دینااور مسلم ممالک کو کمزور کرنا ہے ،شام کے علاقے دمشق میں طیاروں سے بمباری کوتجرباتی مشق بنادیا گیا ہے ،اقوام متحدہ اور اس کی قرار داد کو ہوائوں اڑا دیا گیا ہے ،اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیوگوتیرس قرار داد پر عمل درآمد نہیں کراسکتے تو مستعفی ہوجائیں ،شام میںکیمیائی حملے مسلمانوں کی نسل کشی اور آنے والی نسل کو اپاہج کرنے کے مترادف ہے ،مسلمانوں کو پوری دنیا میں غیر مسلم سفاکانہ طور پر ذبح کررہے ہیں ،روس ،امریکہ اور عالمی قوتوں میں انسانیت دور تک نہیں ہے ۔سلم ممالک کے وسائل پر قبضے کا گیم ہورہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت علماء ومشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ شام فرقہ واریت کی آگ میں جل رہا ہے مسلم حکمران ،او آئی سی شام میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔انسانیت سوز مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ۔