کوئٹہ:کیمپ میں خودکش حملہ، 4ایف سی اہلکار شہید،6زخمی
کوئٹہ + لاہور (بیورو رپورٹ + خصوصی رپورٹر + خصوصی نامہ نگار) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایف سی کے کیمپ پر خود کش حملے اور ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 6اہلکار شہید جبکہ ایف سی کے 6اہلکار اور ایک راہ گیر بچہ زخمی ہوگیا۔ بدھ کی رات علاقے نوحصار کے قریب واقع فرنٹیر کور کے کیمپ پر نامعلوم شخص نے خود کش حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4اہلکار محمد عامر، محمد عمران، جاوید احمد اور محمد راشد شہید جبکہ 6اہلکار زخمی ہوگئے۔ خود کش دھماکے سے ایف سی کیمپ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ اطلاع ملتے ہی فرنٹیر کور اور پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی۔ نعشوں اور زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ نعشوں کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کیا جائے گا۔ ایف سی کیمپ پر خود کش حملے کے بعد فرنٹیر کور اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا، سرچ آپریشن رات گئے تک جاری تھا۔ قبل ازیں ایک اور کارروائی میں نامعلوم دہشت گردوں نے سمنگلی روڈ پر ڈی ایس پی پراسیکیوشن حمید اللہ دستی کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو محافظ اہلکار کانسٹیبل ایوب ولد اعظم شاہ اور کانسٹیبل طاہر ولد شاہ مرزا شہید جبکہ ایک راہ گیر بچہ سمیع اللہ زخمی ہوگیا۔ گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے ڈی ایس پی حمید اللہ دستی محفوظ رہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کر نے کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا، دریں اثناء شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ پولیس لائن کوئٹہ میں ادا کردی گئی جس میں آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری ،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ نصیب اللہ خان سمیت اعلی پولیس حکام نے شرکت کی بعدازاں اہلکاروں کی تدفین مقامی قبرستانوں میں کردی گئی۔ وزیر اعلی بلوچستان نے واقعہ پر اظہار افسوس کیا پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ، پاکستان تحریک انصاف کے صو بائی صدرسرداریار محمد رند، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر سردارطارق احمد جعفری ،قائم مقام جنرل سیکرٹری قاسم سوری نے خود کش حملے اور پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے سیکورٹی فورسز اور پولیس پرحملے قابل مذمت ہے ہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ میں جانوں کے نذرانے دینے والے سیکورٹی اہلکار ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکار جانوں کی پروا کئے بغیر عوام کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلی شہباز شریف نے بھی کوئٹہ میں دہشتگردوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ علاوہ ازیں آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں چمن، سبی اور کوہلو میں سرچ آپریشن کے دوران دھماکہ خیز مواد اور خودکش جیکٹس برآمد کر لیں۔ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کوئٹہ نوحصار میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔