بیجنگ : چینی حکومت کی جانب سے امریکی بلین ایئر ایلون مسک کا شانداراستقبال کیا گیا .دورے میں ایلون مسک سے چینی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹوئٹراور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کا دورہ چین عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، چینی حکومت کی جانب سے امریکی بلین ایئر کا شاندار استقبال کیا گیا۔ایلون مسک اپنے مختصر دورے میں چینی وزیرخارجہ سے ملاقات کے علاوہ کئی اہم بزنس میٹنگز کرچکےہیں اور جلد ہی چین میں ایلون مسک کی جانب سے مزید سرمایہ کاری کا اعلان متوقع ہے۔ملاقات میں چینی وزیرِ خارجہ نے ایلون مسک کو آگاہ کیا کہ بیجنگ ملک میں کاروبار کے ایسے مواقع تخلیق کرنے کا خواہش مند ہے جہاں صارفین کی ضرورت کے مطابق قانون کی عمل داری کے ساتھ بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے کاروبار کے مواقع موجود ہوں۔ایلون مسک کی کار کمپنی ٹیسلا کا سب سے بڑا پلانٹ شنگھائی میں قائم ہے، جس کی وجہ سے چین پہلی بار الیکٹرک کار مینوفیکچرنگ میں جاپان سے آگے نکل جانے میں کامیاب ہوا۔چین میں ٹیسلا کی مقبولیت کے بعد ایلون مسک کے اثاثوں میں اٹھارہ بلین ڈالرز کا اضافہ ہوچکا ہے۔