بجٹ میں وزیراعظم‘ وزرائے اعلیٰ ہاوسز کے اخراجات کم کئے جائیں:عامر قدیر
لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین ریو نیو ایڈ وائزرز ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ سرکارکے بعض محکمے سفید ہاتھی کا روپ دھار چکے ہیں ،آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایوان صدر ، وزیر اعظم ، گورنرز اوروزرائے اعلیٰ ہائوسزسمیت سرکاری محکموں کے غیر ضروری تمام اخراجات میں کٹ لگایا جائے ،ریلوے سمیت مختلف سرکاری محکموں کی بیکار پڑی کھربوں روپے کی اراضی کو لیز پر دے کر استعمال میں لانے کی پالیسی لائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے منعقدہ مذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ویڈیو لنک مذاکرے میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو مجموعی آمدن میں اضافے کیلئے نئے شعبے تلاش کرنا ہوں گے ، ٹیکسیشن کے نظام میں چور راستے بند کئے جائیں جس کیلئے نظام کو آٹو میشن پر لایا جائے اور مینوئل کے لئے ونڈو پالیسی لائی جائے۔ سرکار کے بہت سے محکمے سفید ہاتھی بن چکے ہیں ، گاڑیوں ،پیٹرول اور ٹی اے ڈی اے کی مد میں اربوں روپے سالانہ پھونک دئیے جاتے ہیں۔